ضروریہ کی قیمتیں دوکانوں کے باہر پینافلیکس پرلکھی جائیں گی،ڈپٹی کمشنر میرپور

میرپور( پی آئی ڈی)02 مئی2019ءڈپٹی کمشنرسردارعدنان خورشید خان نے کہاہے کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع بھرمیں روز مرہ کے استعمال کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کواعتدال پررکھنے کے ساتھ ساتھ آزادجموں وکشمیر فوڈکنٹرول اتھارٹی کی طرف سے معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فروخت کی جائیں گی۔ سبزی،فروٹ، گوشت، مرغ فروش، دودھ، دہی، ٹیلرنگ سمیت دیگر تمام اشیاء ضروریہ کی قیمتیں دوکانوں کے باہر پینافلیکس پرلکھی جائیں گی اور دوکاندارحضرات گاہکوں کوباقاعدہ رسید دیں گے جبکہ پینافلیکس پرریٹ کے ساتھ ساتھ واٹس اپ نمبرسمیت دیگرشرائط بھی درج ہونگی جس پر شکایت کنندگان اپنی شکایات درج کرواسکیں گے۔رمضان المبارک میں سستی اور معیاری اشیاء کی فروخت کرنے کے لیے میرپوراسٹیڈیم میں سستارمضان بازارلگایاجائے گا۔رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی۔ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی طرف سے گھی آئل سمیت دیگرایسی اشیاء جن کے فروخت کرنے پرپابندی ہے انھیں کسی صورت فروخت نہیں کرنے دیاجائے گا۔ہول سیل ڈیلرحضرات ایسی تمام پراڈکٹس واپس کرکے رسید واپسی انتظامیہ کودکھانے کے پابندہونگے۔ زائدالمعیاد،ناقص اشیاء اور کھلے تیل اورگھی کی فروخت پرپابندی ہے۔ رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول کی چیکنگ کے نظام کومربوط بنایاجائے گا۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سے مقرر کردہ ریٹ لسٹوں کی نمایاں جگہ پر آویزاں کروایاجائے،پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پہلے مرحلہ پر وارننگ،دوسرے مرحلے پربھاری جرمانے اور تیسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے والوں کاکاروبار سیل کردیاجائے گااوران کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں گے۔ ملاوٹ اورغیرمعیاری اشیاء فروخت کرنے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ تاجرحضرات رمضان المبارک کی برکتوں اوررحمتوں کومدنظررکھتے ہوئے جائز منافع کمائیں۔
ان خیالات کااظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل راجہ قیصر اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنرمنیراحمدقریشی، اسسٹنٹ کمشنرڈڈیال اقبال حسن، ڈی ایس پی عنصرعلی، تحصیلدار یاسرآفتاب، سیکرٹری پرائس کنٹرول کمیٹی سردارسرفراز خان، ڈسٹرکٹ فوڈکنٹرولراعجاز احمدقمر، ممبران پرائس کنٹرول کمیٹی ارشد محمود بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمدطاہر مسعود، ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹرمحمدزبیر جرال، میونسپل مجسٹریٹ زاہد مجیدشیخ،انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، صدرانجمن تاجراں چوہدری محمدنعیم، راجہ خالد، واجد رسول میر، صدرانجمن تاجراں تھوک فروش کے مرکزی سرپرست اعلیٰ حاجی منظورحسین،صدر تھوک فروش چوہدری عاشق، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر محمدعجائب،نائب تحصیلدار چوہدری الطاف، نائب تحصیلداراسلام گڑھ راجہ آصف منیر نے شرکت کی۔
اجلاس میں طے پایاگیاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام میرپوراور ڈڈیا ل میں سستے رمضان بازارلگائے جائیں گے۔ سبزی،فروٹ،گوشت،پکوڑے،سموسے، کھجور، دودھ دہی سمیت دیگراشیاء کی قیمتوں کواعتدال پررکھاجائے گا۔ اس سلسلہ میں ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف پرائس کنٹرول کمیٹی ایکٹ کے مطابق جرمانے کیے جائیں گے۔ پاکستان اور ضلع سے باہرآنے والے دودھ کی پڑتال داخلی راستوں پرہوگی۔ غیرمعیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے منافی دودھ کو ضلع میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس طرح روزمرہ کی اشیاء ضروریہ جن میں آئل،گھی اور دیگراشیاء شامل ہیں کی آزادکشمیر فوڈکنٹرول اتھارٹی کی کلیئرنس اور لیبارٹری ٹیسٹ کے بغیر فروخت پرپابندی ہوگی جبکہ مختلف بیکرز کی طرف سے بنائی جانے والی اشیاء کے معیاراور کیچن میں صفائی اور ستھرائی کویقینی بنایاجائے گا۔ ناقص،مضراور زائد المعیاد اشیاء خوردونوش اور غیرمعیاری اشیاء اور مشروبات کی روک تھام،ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہربھرمیں گوشت کی فروخت کے سلسلہ میں صرف وہی دوکاندار گوشت کاکاروبارکرسکیں گے جوبلدیہ اورمیونسپل کمیٹی رجسٹرڈہونگے۔
ڈپٹی کمشنرسردارعدنان خورشید خان نے کہاکہ اس سال رمضان المبارک میں خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کاسدباب کیاجائے گا۔ انھوں نے ہول سیل تھوک فروشوں،دوکانداروں اور تاجروں سے کہاکہ وہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اپنے کاروبارمیں ناجائزمنافع خوری کی حوصلہ شکنی کریں۔رمضان المبارک میں جتنابھی عوام الناس کوریلیف دیناممکن ہوسکے اس سلسلہ میں انتظامیہ کی معاونت کریں تاکہ رمضان المبارک میں لوگوں کواشیاء ضروریہ سستے داموں اور معیاری مل سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں