تقریب سے خطاب کرتے ہوئے AKNS کے سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے کہا

میرپور( ) کشمیر پریس کلب میرپور میں اے کے این ایس کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے AKNS کے سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے کہا کہ اخباری صنعت آج زبوں حالی کا شکار ہے حکومت طے شدہ فارمولے کے مطابق اخبارات کو اشتہارات مہیا کریں اشتہارات کی تقسیم برابری اور مساوی بنیاد پر جاری کی جائے۔ تاکہ اخباری صنعت کو درپیش مسائل کو کم کیا جاسکے۔ AKNS میرپور سے تعلق رکھنے والے ممبران کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کیا اور ہمیں اہم ذمہ داری سونپی۔ ان شاء اللہ اخباری مالکان کے حقوق کے پاسبان بن کر چوکیداری کریں گے۔ اور ان شاء اللہ تعالیٰ ہمارا یہ مثالی اتحاد قائم و دائم رہے گا اور اخباری صنعت کو فعال رکھنے کے لیے حسب سابق اپنی کاوشیں اور تعاون جاری رکھیں گے حکومت آزادکشمیر اخبارات کے بقایا جات اور بلوں کی جلد از جلد ادائیگی کرے۔ بلا شبہ آزادکشمیر کے صحافی حکومت اور عوام کے درمیان ایک مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اورتحریک آزادی کشمیر میں ریاستی اخبارات کا انتہائی اہم اور ذمہ دارانہ رول ہے جسکی وجہ سے دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری مسئلہ کشمیر سے مکمل طور پر روشناس ہیں اور بھارتی جبر و ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔AKNS کے پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ہمیں آپس میں اتحاد و اتفاق سے منظم ہو کر چلنا ہوگا۔ کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر اور جنرل سیکرٹری کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے اعزاز میں تقریب منعقد کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میرپور کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل AKNS راجہ سہراب خان اور ممبر ایگزیکٹو کونسل ملک عامر شہزاد اعوان بھی موجود تھے۔ قبل ازیں سینئر صحافیوں الطاف حمید راؤ، حافظ محمد مقصود، ظفر مغل، ممبر ایگزیکٹو باڈی AKNSشیر باز منیر، ارشد محمود بٹ، عدنان جبار مغل اور CUJ کے صدر محمد ظفیر بابا نے بھی خطاب کیا اور AKNS کے تمام عہدیداران کو مبارکباد دی۔تقریب سے جنرل سیکرٹری کشمیر پریس کلب چوہدری پرویز شہزاد اور صدر سجاد جرال نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں